ایران صورتحال پر اقوام متحدہ کا اجلاس، پاکستان کا کشیدگی ختم کرنے اور مذاکرات پر زور


نیویارک (جانوڈاٹ پی کے) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کی صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں پاکستان نے خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین پر مذاکرات اور تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں حالیہ کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، تمام فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ تمام متعلقہ فریق صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جن سے علاقائی امن و سلامتی کو نقصان پہنچے۔
پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت مسائل کے حل کے لیے مذاکرات پر مبنی ایک روڈ میپ فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے سفارتی کوششوں اور بات چیت کے عمل کو ترجیح دی جانی چاہیے۔