برطانوی پارلیمنٹ کا جنگ بندی کیلئے سفارتی کامیابی پر پاکستان کو زبردست خراج تحسین

لندن (ویب ڈیسک) برطانوی پارلیمنٹ کے ہاؤس آف لارڈز میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی کوششوں میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو بھرپور انداز میں سراہا گیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی سفارتی کاوشوں کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
ہاؤس آف لارڈز میں ہونے والی بحث کے دوران متعدد اراکین نے خطے میں کشیدگی کم کرنے، مذاکرات کو آگے بڑھانے اور امن کے فروغ کیلئے پاکستان کی خدمات کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
اس موقع پر لارڈ احمد آف ومبلڈن نے پاکستان کے کردار کی خصوصی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ایوان میں موجود وزیر اور تمام اراکین پاکستان کی اہم خدمات کو تسلیم کریں گے۔
لارڈ احمد آف ومبلڈن نے کہا کہ "پاکستان کا بہت بہت شکریہ” اور قطر کا بھی شکریہ، جن کی مؤثر معاونت اور سفارتی کوششوں کے باعث یہ پیش رفت ممکن ہوئی۔ انہوں نے اردو زبان میں پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام کیلئے پاکستان کا کردار قابلِ تعریف ہے۔
اراکین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے خطے میں استحکام اور سفارتی حل کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کیا، جسے عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔



