ایسا تاثر جا رہا ہے جیسے ایران کیساتھ مذاکرات بالکل رک گئے ہیں،اصل پیش رفت خفیہ سطح پر ہو رہی ہے،ٹرمپ

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کی اصل صورتحال سے صرف وہ خود اور چند دیگر لوگ ہی آگاہ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس انٹرویو میں انھوں نے ایران جنگ بندی مذاکرات پر کھل کر اور تفصیلی گفتگو کی۔

جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے یہ سوال کیا گیا کہ کیا وہ ایران کے ساتھ جنگ بندی ٹوٹنے کے خدشے پر بے چینی محسوس کر رہے ہیں تو انھوں نے اس تاثر کو یکسر مسترد کردیا۔

صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ سوائے میرے اور چند ایک دیگر افراد کے کسی کو معلوم نہیں کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کہاں تک پہنچے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی مذاکرات کی تفصیلات عوام کے سامنے نہیں لائی جا رہیں اور اصل پیش رفت خفیہ سطح پر ہو رہی ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے، ایسا تاثر جا رہا ہے جیسے مذاکرات بالکل رک گئے ہیں اور یہ تاثر بالکل غلط ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس بات سے نشاندہی ہوتی ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کسی سطح پر سفارتی رابطے جاری ہیں۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد جنگ بندی تو قائم ہے لیکن مستقل امن معاہدے کے حوالے سے کوئی واضح پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

مزید خبریں

Back to top button