خاندانی دشمنی:بڈانی برادری کے مسلح افراد کاراکٹ لانچرسے حملہ،شربرادری کے 5افراد جاں بحق

شکارپور (رپورٹ: سیف مصطفیٰ)شکارپور کے علاقے چک لگ بیچانجی میں شر اور بڈانی برادری کے درمیان جاری پرانے تنازع پر مسلح افراد نے راکٹ لانچر اور جدید اسلحے سے شر برادری کے ایک گھر پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں گھر کے سربراہ عبدالخالق شر، ان کے دو بیٹے خالد شر اور راجا شر، بھائی عبدالستار شر اور مہمان عبدالجبار شر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ صبح کے وقت دیہاتیوں نے لاشوں کو ٹریکٹر ٹرالی کے ذریعے تعلقہ اسپتال منتقل کیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔ جب مقتولین کی لاشیں گاؤں پہنچیں تو کہرام مچ گیا، جبکہ مہمان مقتول عبدالجبار شر کی لاش ان کے لواحقین لے گئے۔
ورثا نے الزام لگایا کہ بڈانی گروپ نے نبیرہ (فیصلے) کی تاریخ طے ہونے کے باوجود بلاجواز حملہ کیا، جس میں ان کے بے گناہ گھر کے افراد کو قتل کیا گیا۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے عبرتناک سزا دی جائے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لنجار نے پولیس کو فوری کارروائی کا حکم دیا۔ جس کے بعد شکارپور پولیس نے بڈانی قبیلے کے گاؤں پر چھاپہ مار کر سرچ آپریشن کیا۔ پولیس نے دو ملزمان کے مارے جانے کا دعویٰ کیا، تاہم ان کی شناخت اور لاشیں حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
ذرائع کے مطابق، پولیس کی ڈرون کارروائی کے دوران بڈانی گروپ کا ایک کم عمر لڑکا جواد بھی مارا گیا، جبکہ چند خواتین زخمی ہوگئیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں ہوسکا تھا۔
واضح رہے کہ دونوں گروپوں کے درمیان جاری جھگڑے میں اب تک 18 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ نبیرہ کے لیے 18 نومبر کی تاریخ جتوئی ہاؤس کی جانب سے مقرر تھی، تاہم بڈانی گروپ نے اس سے قبل ہی حملہ کر دیا، جس میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد مارے گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔



