کراچی سے پنجاب جانے والی کوئلے سے بھری مال گاڑی کو حادثہ، 6 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

کوٹری (جانو ڈاٹ پی کے) کراچی سے پنجاب جانے والی کوئلے سے بھری مال بردار ٹرین کو کوٹری کے قریب حادثہ پیش آگیا، جس کے نتیجے میں مال گاڑی کی متعدد بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جبکہ ایک ریلوے ملازم ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔
ریلوے پولیس کے مطابق کراچی سے پنجاب جانے والی مال گاڑی کی 6 بوگیاں کوٹری کے قریب ڈی ریل ہوگئیں۔ حادثے کے دوران ایک شخص ٹرین کی زد میں آگیا، جس کی شناخت ریلوے ملازم کے طور پر ہوئی ہے۔
حادثے کے بعد ریلوے ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔ ریلوے حکام کے مطابق ڈی ریل ہونے والی بوگیوں کے باعث اپ ٹریک بلاک ہوگیا ہے جبکہ ٹریفک کو فی الحال ڈاؤن ٹریک سے گزارا جا رہا ہے۔
کراچی سے ریلیف ٹرین روانہ
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد کراچی سے ریلیف ٹرین روانہ کردی گئی ہے، جو رات 8 بجے تک کوٹری پہنچنے کی توقع ہے۔
حکام کے مطابق مجموعی طور پر 8 کوچز کے ڈی ریل ہونے کے باعث اپ ٹریک پر رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔ ریلوے عملہ ٹریک بحال کرنے کے لیے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ رات کے دوران ہی اپ ٹریک کلیئر کردیا جائے۔
حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ حکام کی جانب سے تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔



