ٹھٹھہ میں پانی کا شدید بحران، شہری بوند بوند کو ترس گئے، ٹینکر مافیا من مانی قیمتیں وصول کرنے لگا

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) ٹھٹھہ شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی شدید قلت نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ شیرازی، مارواڑی، پلنگ پاڑہ اور دیگر کئی محلوں میں گزشتہ کئی روز سے پانی کی فراہمی معطل یا انتہائی محدود ہونے کے باعث مکین بوند بوند پانی کو ترسنے لگے ہیں۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق پانی کی عدم دستیابی کے باعث گھریلو امور کے ساتھ ساتھ عبادات کی ادائیگی بھی متاثر ہو رہی ہے، جبکہ متعدد مساجد میں وضو کے لیے بھی پانی دستیاب نہیں رہا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پانی کے بحران کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹینکر مافیا من مانی قیمتیں وصول کر رہا ہے، جس سے عوام شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ متعلقہ میونسپل انتظامیہ صورتحال کے باوجود مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔
متاثرہ شہریوں نے چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹھٹھہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پانی کی قلت کا فوری نوٹس لے کر فراہمی بحال کی جائے اور ٹینکر مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر پانی کی فراہمی جلد بحال نہ کی گئی تو وہ احتجاج پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ انتظامیہ پر عائد ہوگی۔



