تھرپارکر کے گاؤں آمریو میں پانی کا بحران،3ہزار مکین مشکلات کا شکار،بچوں کی تعلیم متاثر

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر کی تحصیل مٹھی، یونین کونسل جوڑئو میں واقع گاؤں آمریو میں پانی کی شدید قلت کے باعث ہزاروں مکین مشکلات کا شکار ہیں۔ گاؤں کی آبادی تقریباً 2800 سے 3000 افراد پر مشتمل ہے، تاہم پانی کی مناسب سہولت نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو روزمرہ زندگی میں شدید پریشانیوں کا سامنا ہے۔

مقامی باشندوں کے مطابق گاؤں میں شمسی توانائی سے چلنے والا آر او پلانٹ نصب ہے، لیکن یہ اکثر خراب رہتا ہے یا موسم کی خرابی کے باعث بند ہو جاتا ہے۔ موجودہ آر او پلانٹ آبادی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے، جس کے باعث لوگوں کو پینے کے پانی کے حصول میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

مکینوں کا کہنا ہے کہ گاؤں کے کئی علاقے، خاص طور پر آمری محلہ اور سہراب محلہ، موجودہ آر او پلانٹ سے ایک سے ڈیڑھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہیں، جہاں پانی گھروں تک پہنچانے کا کوئی مناسب انتظام موجود نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پانی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے اکثر چھوٹے بچوں سے بھی پانی لانے کا کام لیا جاتا ہے، جس کے باعث کئی بچے اسکول جانے سے محروم رہ جاتے ہیں۔ والدین کا کہنا ہے کہ اگر بچے اسکول جائیں تو گھر کے لیے پانی کون لائے، کیونکہ پانی حاصل کرنے کا کوئی دوسرا ذریعہ موجود نہیں۔

گاؤں کے رہائشیوں کے مطابق انہوں نے مختلف فورمز پر پانی کی قلت کے مسئلے کے حل کے لیے درخواستیں بھی دیں، لیکن آر او پلانٹ موجود ہونے کا جواز بنا کر ان کی درخواستیں مسترد کر دی جاتی ہیں۔

مکینوں نے تھر سٹیزن فاؤنڈیشن، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ گاؤں آمریو میں پانی کی مستقل فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، آر او پلانٹ کو فعال رکھنے کے ساتھ ساتھ آبادی کی ضرورت کے مطابق پانی کا مناسب انتظام کیا جائے تاکہ بچوں کی تعلیم اور عوام کی زندگی مزید متاثر نہ ہو۔

مزید خبریں

Back to top button