تھرپارکر میں گرمی سے بچاؤ کے ہنگامی اقدامات،اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک رومز قائم

تھرپارکر(میندھرو کاجھروی /جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی ہدایات پر ضلع بھر میں شدید گرمی کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کیے گئے ہیں، جن کا مقصد شہریوں کو صحت کی سہولیات اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تمام اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں سول اسپتال مٹھی سمیت تعلقہ اسپتال ڈیپلو، چھاچھرو، ننگرپارکر، اسلام کوٹ، کھینسر اور کلوئی کے بڑے سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک رومز قائم کر دیے گئے ہیں۔ ان خصوصی کمروں میں تربیت یافتہ عملہ، ضروری ادویات اور ٹھنڈے پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

اس کے علاوہ ضلع کے تمام شہروں کے بس اسٹاپس اور دیگر عوامی مقامات پر صاف اور ٹھنڈے پانی کے اسٹال بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ شدید گرمی کے دوران شہریوں کو پینے کا پانی آسانی سے میسر ہو سکے۔

ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ان تمام انتظامات کی نگرانی متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کر رہے ہیں، جبکہ انہیں روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹس ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کرانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button