نائیجیریا میں مسلح افراد کی دہشت گردی، گاؤں پر حملے میں 40 افراد ہلاک

ترابا (مانیٹرنگ ڈیسک) نائیجیریا کی ریاست ترابا کے گاؤں بناری میں مسلح افراد کے ہولناک حملے کے نتیجے میں کم از کم 40 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ حملہ آوروں نے شدید فائرنگ کے بعد دکانوں سے اشیائے خورونوش بھی لوٹ لیں۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بتایا کہ حملہ جمعہ کی سہ پہر کیا گیا۔ پولیس نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افراد کے ایک بڑے گروہ نے گاؤں پر دھاوا بولا اور اندھا دھند فائرنگ کی۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق پولیس نے ابتدائی طور پر 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی، تاہم ہفتے کے روز مزید لاشیں ملنے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر کم از کم 40 ہو گئی۔
نائیجیریا کے شمالی علاقوں میں حالیہ عرصے کے دوران مسلح جرائم پیشہ گروہوں کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ یہ گروہ دیہات پر حملوں، شہریوں کو تاوان کے لیے اغوا کرنے اور مویشی چوری کرنے جیسی وارداتوں میں ملوث ہیں۔
گاؤں بناری میں ہونے والا تازہ حملہ خطے میں شہریوں کی سلامتی اور امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال پر ایک بار پھر سنگین سوالات اٹھا رہا ہے۔



