مٹھی و چھاچھرو: دو افسوسناک واقعات – ایک شخص اور ایک خاتون کی مبینہ خودکشی، پولیس تفتیش جاری

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تھرپارکر کے مختلف علاقوں مٹھی اور چھاچھرو میں دو الگ الگ افسوسناک واقعات پیش آئے ہیں، جن میں ایک بزرگ شخص اور ایک خاتون کی مبینہ طور پر خودکشی کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ پولیس نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں۔
مٹھی کی نارتھ کالونی کے رہائشی تقریباً 75 سالہ مہراج رانو مل ولد کھیتارام ہیڑاؤ نے اپنے گھر کے اندر زیر زمین پانی کی ٹنکی میں چھلانگ لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ مرحوم کو فوری طور پر ٹنکی سے نکال کر سول اسپتال مٹھی منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ پہلے کنڈکٹر کے طور پر کام کرتے تھے اور اس وقت ٹرمینل پر کیبن چلا رہے تھے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔ چھاچھرو تحصیل کے گاؤں کارونجھری کے قریب 45 سالہ مسمات شفیعت زوجہ لال محمد راہمون کی پھندہ لگی لاش درخت سے لٹکی ہوئی حالت میں ملی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے کو گھریلو تنازع کے باعث مبینہ خودکشی قرار دیا جا رہا ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور حتمی نتیجہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گا۔
علاقے میں دونوں واقعات کے بعد افسوس اور تشویش کی فضا پائی جا رہی ہے۔



