تھرپارکر میں مویشی چوری کی وارداتیں بے قابو، میگھ کاؤڑیا سے ایک اور کوشش ناکام، مرکزی ملزم فرار

تھرپارکر(میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ضلع کے گاؤں میگھ کاؤڑیا میں رات گئے بکریوں کی چوری کی ایک اور واردات پیش آئی، جہاں نامعلوم ملزمان مویشی لے کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم گاؤں والوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گاڑی، ڈرائیور اور بکریاں برآمد کرکے اسلام کوٹ پولیس کے حوالے کر دی گئیں، جبکہ مرکزی ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
متاثرہ مالکان کی جانب سے اسلام کوٹ تھانے میں رپورٹ درج کرائی گئی ہے، جس میں مبینہ طور پر مبارک ولد حاجی منگریو، نواز منگریو ولد عبدالرحیم منگریو (رہائشی کوٹ عثمان کی ڈھانی) اور مقامی تاجر روشن ولد کنبیر منگریو (رہائشی میگھ کاؤڑیا) کو نامزد کیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد چیئرمین محمد لنجو کی قیادت میں گاؤں والوں نے پولیس سے فوری رابطہ کیا۔ پولیس حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایف آئی آر درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کی جائے گی۔
علاقہ مکینوں کے مطابق رواں ماہ کے دوران میگھ کاؤڑیا اور گردونواح سے 50 سے زائد بکریاں اور بھیڑیں چوری ہو چکی ہیں، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی وارداتوں کا فوری نوٹس لے کر مویشی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور عوام کے جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جائے۔



