جشن آزادی پر خصوصی تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری آج کراچی سے روانہ ہوگی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ حکومت کی جانب سے جشن آزادی کے موقع پر خصوصی یوم آزادی تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری آج کراچی سے روانہ ہوگی، جو سندھ کے تاریخی و ثقافتی مقامات سے ہوتی ہوئی پاکستان کے سرحدی علاقے کھوکھراپار تک جائے گی۔

خصوصی آزادی ٹرین کراچی سے روانہ ہوکر حیدرآباد، میرپورخاص اور عمرکوٹ سے ہوتی ہوئی کھوکھراپار پہنچے گی، جہاں پرچی جی ویری کے مقام پر جشن آزادی کے سلسلے میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق ٹرین میں 165 سے زائد سیاح شرکت کریں گے، جنہیں سندھ کے تاریخی و ثقافتی ورثے سے روشناس کرانے کے ساتھ پاکستان کے سرحدی علاقے کی سیر بھی کرائی جائے گی۔

خصوصی آزادی ٹرین کا افتتاح کراچی کینٹ اسٹیشن پر وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سید ذوالفقار علی شاہ کریں گے۔

ٹرین کے شرکاء کا مختلف ریلوے اسٹیشنز پر شاندار استقبال کیا جائے گا، جبکہ سفر کے دوران شرکاء مختلف مقامات پر شہریوں میں قومی پرچم بھی تقسیم کریں گے۔

سندھ حکومت کے مطابق خصوصی آزادی ٹرین کا مقصد جشن آزادی کی تقریبات کو یادگار بنانا اور شہریوں و سیاحوں کو سندھ کے تاریخی، ثقافتی اور سرحدی علاقوں سے متعارف کرانا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس سفاری کے ذریعے صوبے کے تاریخی و ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے ساتھ سیاحت کے فروغ اور قومی یکجہتی کے جذبے کو بھی تقویت ملے گی۔

مزید خبریں

Back to top button