پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور پولیس کو 600 باڈی کیمز کی پہلی کھیپ فراہم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب حکومت نے پولیسنگ کے نظام میں شفافیت اور مؤثر نگرانی کے لیے لاہور پولیس کو باڈی کیمز کی پہلی کھیپ فراہم کر دی۔

ابتدائی طور پر لاہور پولیس کو 600 باڈی کیمز دیے جا رہے ہیں، جنہیں پولیس اہلکار ناکوں، چیکنگ اور دیگر فیلڈ ڈیوٹی کے دوران استعمال کریں گے۔ باڈی کیمز کے استعمال سے متعلق لاہور پولیس کے اہلکاروں کی تربیت کا آغاز سیف سٹی اتھارٹیز میں کر دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی فیصل کامران کے مطابق لاہور کے تھانوں میں آڈیو اور ویڈیو کیمروں کی تنصیب کا 70 فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے۔ تھانوں میں کیمروں کی تنصیب اور پولیس اہلکاروں کے لیے باڈی کیمز کے استعمال سے پولیسنگ کے نظام میں مزید شفافیت لانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ باڈی کیمز اور تھانوں میں نصب کیے جانے والے کیمرے پولیسنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے، جبکہ پولیس اہلکاروں کی فیلڈ سرگرمیوں کی ریکارڈنگ بھی ممکن ہو سکے گی۔

ڈی آئی جی فیصل کامران کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے بھر کی آپریشنل پولیس کے لیے 30 ہزار سے زائد باڈی کیمز منگوائے ہیں، جنہیں مرحلہ وار متعلقہ پولیس یونٹس کو فراہم کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button