دہشت گردی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، مسئلے کا حل جرگے کے اعلامیے میں تلاش کیا جائے، اسد عمر

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ دہشت گردی ایسا مسئلہ ہے جس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، گزشتہ برس خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل جرگہ بلایا گیا تھا، مسئلے کے حل کے لیے جرگے کے اعلامیے کی بنیاد پر پیش رفت ہونی چاہیے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ہر مسئلہ کیل نہیں ہوتا اور ہر مسئلے کا حل ہتھوڑا نہیں ہوتا، اس لیے مسائل کو بات چیت اور مناسب حکمت عملی کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی ایک سنگین مسئلہ ہے جس پر سمجھوتے کی گنجائش نہیں، تاہم اس کے حل کے لیے ماضی میں ہونے والی سیاسی مشاورت اور جرگے کی سفارشات کو بھی سامنے رکھنا چاہیے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس خیبرپختونخوا حکومت نے تمام جماعتوں کو شامل کرکے جرگہ تشکیل دیا تھا، اس جرگے کے اعلامیے میں مسئلے کے حل کے لیے جو نکات طے کیے گئے تھے، ان کی بنیاد پر آگے بڑھنا چاہیے۔

اس سے قبل اسد عمر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے میں بانی تحریک انصاف کو بھی شامل کیا جانا چاہیے، کیونکہ ان کی شمولیت کے بغیر نئے صوبوں کا تصور مکمل نہیں ہوتا۔

مزید خبریں

Back to top button