رنبیر کپور کی فلم ’رامائن‘ کے سیٹ پر آگ لگ گئی

ممبئی (ویب ڈیسک) ممبئی میں بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کی فلم ’رامائن‘ کے سیٹ پر آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، تاہم بروقت کارروائی کے باعث آگ پر قابو پالیا گیا اور کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنے ایمپلائز کے صدر بی این تیواڑی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آگ کی نوعیت معمولی تھی اور اسٹوڈیو کے باہر موجود ایک خیمے میں لگی تھی، جسے فوری طور پر بجھا دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ آگ سیٹ یا وہاں موجود افراد کے لیے خطرہ بننے سے قبل ہی قابو میں کرلی گئی، جبکہ واقعے میں مالی نقصان بھی معمولی نوعیت کا ہوا۔
بی این تیواڑی کے مطابق قریبی مقام پر حالیہ آتشزدگی کے واقعے کے بعد فلم سازوں کو سیٹ پر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی تھیں، تاہم مبینہ غفلت کے باعث ’رامائن‘ کے سیٹ پر آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔
دوسری جانب فلم کے پروڈیوسرز نے نئے پوسٹر کے ذریعے ’رامائن‘ کے پہلے حصے کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔ فلم کا پہلا حصہ 6 نومبر کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ہندی اور انگریزی زبان میں ریلیز کیا جائے گا۔



