ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ پر فرد جرم مؤخر

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اڈیالہ جیل میں بجلی کی بندش کے باعث ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش نہ کیا جا سکا، جس کے نتیجے میں دونوں ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی مؤخر ہوگئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے انٹرنیشنل کرکٹ ٹیم کی آمد کے موقع پر روٹ توڑنے اور لوگوں میں اشتعال پیدا کرنے سے متعلق مقدمے کی سماعت کی۔ پراسیکیوٹر راجا نوید جبکہ ملزمان کے مرکزی وکلا کے جونیئر وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔

جونیئر وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ مرکزی وکلا اسلام آباد ہائیکورٹ میں مصروف ہیں، اس لیے چالان کی نقول فراہم کرنے کے ساتھ آئندہ سماعت کی تاریخ مقرر کی جائے۔

اس پر جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ چالان کی نقول پہلے ہی فراہم کی جا چکی ہیں اور آج عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنا ہے۔ جونیئر وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے مؤکلین سے ملاقات اور قانونی مشاورت کے لیے رسائی نہیں دی جا رہی۔

جج نے ریمارکس دیے کہ وکالت ناموں پر دستخط ہو کر عدالت میں آ چکے ہیں، عدالت کو سماعت کو اپنی مرضی سے مینیج کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مرکزی وکلا ساڑھے 11 بجے عدالت میں پیش ہوں، جس کے بعد فرد جرم عائد کی جائے گی۔

عدالت نے سماعت میں ساڑھے 11 بجے تک وقفہ کیا، تاہم اڈیالہ جیل میں بجلی کی بندش کے باعث ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا، جس کے باعث فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔

جج طاہر عباس سپرا نے جیل حکام کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر دونوں ملزمان کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری یقینی بنائی جائے، بصورت دیگر جیل حکام کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔ عدالت نے جیل حکام کو ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ان کے وکلا سے ملاقات بھی یقینی بنانے کا حکم دیا۔

عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے قرار دیا کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ پر فرد جرم آئندہ سماعت میں عائد کی جائے گی۔ دونوں کے خلاف تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج ہے۔

مزید خبریں

Back to top button