بھارت جا کر کام کرنے کے خواہشمند اداکاروں پر شان شاہد کی تنقید

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستانی سینئر اداکار شان شاہد نے بھارت جا کر کام کرنے کی خواہش رکھنے والے فنکاروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اداکار کی کوئی باؤنڈری نہ ہونے کی باتیں کرنے والوں کو ویزا ملنے کے بعد اصل حدود کا اندازہ ہوجاتا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں شان شاہد نے پاکستانی فلم انڈسٹری اور بھارت میں کام کرنے کے خواہشمند فنکاروں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ کہتے ہیں اداکار کی کوئی سرحد یا باؤنڈری نہیں ہوتی، لیکن ویزا لے کر دکھائیں تو باؤنڈریز خود نظر آ جائیں گی۔
شان شاہد کا کہنا تھا کہ جو لوگ بھارت جا کر گانے، ناچنے یا دیگر کام کرتے رہے ہیں، وہ ان پر ذاتی تنقید نہیں کرتے۔ ان کے مطابق یہ ہر شخص کی اپنی زندگی ہے اور وہ اپنی مرضی سے فیصلے کرنے میں آزاد ہے۔
اداکار نے کہا کہ بھارت میں ہر ماہ تقریباً ساڑھے 3 سو اداکار نئے سامنے آتے ہیں، ایسے میں سوال یہ ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری کو پاکستان سے اداکار لینے کی ضرورت کیوں پیش آئے گی۔
شان شاہد نے مزید کہا کہ اگر کوئی کشمیری بن کر کچھ دیر کے لیے سوچے کہ مقبوضہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے تو صورتحال کی سنگینی کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بھارتی حکومت پر مسلمانوں کے ساتھ مبینہ ظلم کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے متعدد ویڈیوز بھی موجود ہیں۔



