محمد خان بھٹی کو انکوائری نوٹس، ڈی جی اینٹی کرپشن کے خلاف توہین عدالت درخواست پر سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ نے سابق سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کو انکوائری نوٹس جاری کرنے کے معاملے پر ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
جسٹس عبہر گل خان نے محمد خان بھٹی کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالتی حکم پر ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ معاملہ کیا ہے اور کیا عدالتی حکم پر عملدرآمد ہوا یا نہیں؟ اس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم پر عمل کرتے ہوئے متعلقہ ریکارڈ فراہم کردیا گیا تھا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد کے بجائے دو مزید مقدمات درج کردیئے گئے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ عدالتی حکم کے بعد مزید دو ایف آئی آرز کیوں درج کی گئیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے ڈی جی اینٹی کرپشن کو ہدایت کی کہ دونوں مقدمات درج کرنے کی وجوہات تفصیل سے عدالت میں جمع کرائی جائیں اور آئندہ سماعت تک تفصیلی جواب داخل کیا جائے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے وضاحت طلب کرلی۔
واضح رہے کہ محمد خان بھٹی نے 2023 میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عدالتی حکم کے باوجود اینٹی کرپشن حکام انہیں ہراساں کررہے ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر ڈی جی اینٹی کرپشن کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔



