تھرپارکر میں جشنِ آزادی، مختلف مقامات پر ہزاروں تقریبات، آتشبازی، ثقافتی رنگوں کے ساتھ لاکھوں سیاح پہنچ گئے

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان کے 79ویں جشنِ آزادی کے موقع پر تھرپارکر ضلع کے مختلف شہروں اور دیہات میں ہزاروں تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں قومی جوش و جذبے کے ساتھ تھر کے ثقافتی رنگوں کی بھی شاندار نمائش کی گئی۔ مٹھی کے صادق فقیر چوک پر ضلعی سطح کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سیاسی، انتظامی، سماجی اور تعلیمی شخصیات سمیت شہریوں اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی میرپورخاص ڈویژن کے صدر اور ایم این اے ڈاکٹر مہیش کمار ملانی، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جگیرانی، ایس ایس پی تھرپارکر عارف عزیز، میونسپل کمیٹی مٹھی کے چیئرمین ڈاکٹر منوج کمار ملانی اور پیپلز پارٹی ضلع جنرل سیکریٹری سشیل کمار ملانی نے شرکت کی۔ اس موقع پر قومی پرچم کو سلامی دی گئی اور جشنِ آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب کے دوران مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے تقاریر، ٹیبلوز، ملی نغمے، قومی گیت اور دیگر رنگا رنگ پروگرام پیش کرکے وطن سے محبت کا اظہار کیا، جبکہ بچوں کے رقص اور ثقافتی پرفارمنس نے تقریب کو مزید پرجوش بنا دیا۔ میونسپل کمیٹی مٹھی کی جانب سے نو تعمیر شدہ کشمیر چوک کا بھی قومی پرچم کو سلامی دے کر افتتاح کیا گیا۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر عمیر اشرف، ڈی ایچ او ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی، تعلقہ مٹھی پیپلز پارٹی کے صدر سراج سومرو، ڈی ای اوز شمس الدین راٹھوڑ، نصراللہ ساہڑ، ابھیمنو مہراج، سمترا منجیانی، برکت بجیر، دیپک شرما، مختلف اداروں کے افسران، کونسلرز، تاجروں، صحافیوں، اساتذہ، معزز شہریوں اور بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔ دوسری جانب 14 اگست کے موقع پر سندھ اور ملک کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں سیاح تھرپارکر پہنچے، جنہوں نے مٹھی کی گڈی بھٹ، کارونجھر سمیت مختلف سیاحتی مقامات کا رخ کیا۔ سیاحوں کی بڑی تعداد کے باعث شہر کے مختلف چوراہوں پر جشن کا ماحول نظر آیا، جہاں ساؤنڈ سسٹم پر قومی نغمے بجائے گئے اور نوجوانوں و بچوں نے رقص کرکے جشنِ آزادی کی خوشیوں میں حصہ لیا۔ تھر کے ثقافتی رنگوں کو بھی اجاگر کیا گیا، جہاں اونٹوں اور گھوڑوں کو پاکستانی پرچموں سے سجایا گیا اور قومی یکجہتی و وطن سے محبت کا اظہار کیا گیا۔ مجموعی طور پر تھرپارکر میں جشنِ آزادی کی تقریبات قومی جذبے، ثقافتی رنگوں اور عوامی شرکت سے بھرپور نظر آئیں۔ جبکہ رات کو 12 بج کر ایک منٹ پر گڈی بھٹ پر آتشبازی بھی کی گئی۔



