میرپورخاص: اساتذہ کا ناجائز ٹرانسفروں اور اسکول ٹائمنگ میں اضافے کے خلاف احتجاج

میرپورخاص (رپورٹ: شاہد میمن\جانوڈاٹ پی کے) سروس اسٹرکچر اور Student-Teacher Ratio (STR) کی آڑ میں مبینہ طور پر غیر قانونی ٹرانسفروں اور اسکولوں کے اوقات کار میں اضافے کے خلاف اساتذہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
پ ٹ الف ڈویژن میرپورخاص کے صدر محمد علی شیخ کی قیادت میں ہونے والے احتجاج میں ضلع بھر سے بڑی تعداد میں اساتذہ نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "ناجائز ٹرانسفر نامنظور”، "STR کے نام پر استحصال بند کرو” اور "اسکول ٹائمنگ میں اضافہ واپس لو” جیسے نعرے درج تھے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی شیخ نے کہا کہ محکمہ تعلیم سروس اسٹرکچر اور STR کو جواز بنا کر میرٹ کے خلاف ٹرانسفرز کر رہا ہے، جس سے خصوصاً دیہی علاقوں کے اسکول مزید متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام غیر قانونی ٹرانسفرز فوری طور پر منسوخ کیے جائیں اور اساتذہ کو درپیش مسائل کا حل نکالا جائے۔
پ ٹ الف ضلع میرپورخاص کے صدر محمد حافظ لغاری نے کہا کہ گرمی کی شدت کے پیش نظر اسکولوں کے اوقات کار میں اضافہ طلبہ اور اساتذہ دونوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے فوری طور پر مذاکرات کیے جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ پورے صوبے تک بڑھایا جائے گا۔



