عدالتی فیصلے میں خامیاں ہیں،پی ٹی آئی کو مٹھائی کھانے میں تھوڑا انتظار کرنا چاہیے تھا، طلال چوہدری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہےکہ جب تک فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کی جوڑی پچ پر کھڑی ہے، کسی قسم کی سازش کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور اس جوڑی کے دونوں کردار چھرا گھونپنے والے نہیں بلکہ سیدھی بات کرنے والے ہیں، یہ دونوں منافق نہیں ہیں، یہ خود بھی واضح ہیں اور ان کے اہداف بھی واضح ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈکٹیٹ کروا کے ریاست سے اپنی مرضی کے کام نہیں کرائے جاسکتے، پہلے بھی کہا تھا جیل حکام اور عدالت ہی ملاقات کراسکتی ہے، جب تک یہ جوڑی اس پچ پر کھڑی ہے کوئی سازش اس دور میں نہیں ہوگی۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ تو کہتے تھے کہ نہ 26 ویں ترمیم کو مانتے ہیں نہ پارلیمنٹ کو، یہ تو ان عدالتوں کے نہیں مانتے تھے، آج وکٹری کا نشان بنارہے تھے، پی ٹی آئی کو مٹھائی کھانے میں تھوڑا انتظار کرنا چاہیے تھا۔ اس فیصلے میں بہت سی خامیاں ہیں اور بہت سی ایسی چیزیں ہیں جنہیں بہتر کیا جاسکتاہے۔ پی ٹی آئی والے خود ایسے لوگ ہیں جو کسی کے کندھوں پر بیٹھ کر آناچاہتے ہیں مگر اب کندھے نہیں ملتے ۔
وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی قیدی کو سہولتیں دینے پرکوئی اعتراض نہیں نہ کبھی اعتراض کیا، بانی پی ٹی آئی اپنے دور میں قیدیوں سے متعلق کیا کہا کرتے تھے۔



