مکلی: سومرا برادری کی جانب سے سید ایاز علی شاہ شیرازی کے اعزاز میں شاندار عشائیہ

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے)مکلی میں رہنے والے سومرا برادری سے تعلق رکھنے والے معزز سائیں عبداللہ سومرو نے قومی اسمبلی کے رکن، فوڈ سیکیورٹی کے سابق وفاقی وزیرِ مملکت اور قومی اسمبلی کی مواصلات کے شعبے کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن سید ایاز علی شاہ شیرازی کے اعزاز میں ایک شاندار عشائیہ دیا۔
جس میں بڑی تعداد میں سومرا برادری کے لوگوں سمیت مختلف معززین نے شرکت کی۔ عشائیے میں پہنچنے پر موجود لوگوں نے سید ایاز علی شاہ شیرازی کا شاندار استقبال کرتے ہوئے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
اس موقع پر معززین نے سید ایاز علی شاہ شیرازی کو پگڑی باندھی اور انہیں لونگی، اجرک اور پھولوں کے تحفے پیش کیے۔
علاقے کے لوگوں نے سید ایاز شاہ شيرازي کو علاقے کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جس پر سید ایاز علی شاہ شیرازی نے ان مسائل کو حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔
عشائیے میں موجود لوگوں کا کہنا تھا کہ ٹھٹھہ کو ایک متحرک نوجوان قیادت کی ضرورت ہے سالوں سے ٹھٹھہ کے عوام کو درپیش مسائل پر کسی بھی سیاسی رہنما نے توجہ نہیں دی۔ انہیں امید ہے کہ سید ایاز علی شاہ شیرازی عوام کے مسائل پر توجہ دے کر انہیں حل کرنے کی بھرپور کوش کریں گے، کیونکہ یہ نوجوان سیاسی رہنما لوگوں کے مسائل حل کرانے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے۔ مستقبل میں بھی ٹھٹھہ کے عوام کو سید ایاز علی شاہ شیرازی جیسے اہل سیاسی رہنما کی سخت ضرورت ہے۔
اس موقع پر موجود لوگوں کا کہنا تھا کہ انشااللہ مستقبل میں بھی ساتھ چلتا رہے گا اور چراغ روشن رہے گا۔



