سجاول میں فائرنگ اور ہنگامہ آرائی:25 افراد کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

سجاول(جانوڈاٹ پی کے) سجاول شہر میں فائرنگ اور خوف و ہراس پھیلانے کے واقعے پر پولیس نے سخت ایکشن لیتے ہوئے 25 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق تھانہ سجاول میں 19 نامزد جبکہ 5 سے 6 نامعلوم ملزمان کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔ ملزمان پر سرعام اسلحہ کی نمائش اور فائرنگ کے ذریعے امن و امان خراب کرنے کا الزام ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ جھڑپیں آمرا اور لوہار برادریوں کے درمیان تنازع کے باعث پیش آئیں، جس کے دوران علاقے میں شدید کشیدگی پیدا ہوگئی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔
سجاول میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔



