پاکستان کا خلائی مشن تیز،پاکستانی خلاباز کو چینی خلائی اسٹیشن بھیجنے کی تیاری

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) ورلڈ اسپیس ویک 2026 کی ملک گیر تقریبات کا آغاز ہوگیا، رواں سال عالمی سطح پر اس کا موضوع ’’راکٹ انقلاب‘‘ مقرر کیا گیا ہے۔
چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان نے ورلڈ اسپیس ویک 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلائی شعبے میں مسلسل پیش رفت جاری ہے اور پاکستانی خلاباز کو چینی خلائی اسٹیشن بھیجنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی خلاباز چینی خلائی اسٹیشن پر پے لوڈ اسپیشلسٹ کے طور پر خدمات انجام دے گا، جبکہ پاکستان میں مقامی سطح پر تیار کیے جانے والے قمری روور کی تیاری بھی جاری ہے۔چیئرمین سپارکو کے مطابق پاکستانی قمری روور کو چین کے چانگ ای-8 مشن کے تحت چاند پر بھیجنے کا منصوبہ ہے، جس کے لیے اسے چاند کے جنوبی قطب تک پہنچانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔محمد یوسف خان نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تحقیق، جدت اور خلائی سائنس سے متعلق شعبوں میں تعلیم حاصل کریں تاکہ پاکستان کے خلائی پروگرام میں نوجوان نسل مؤثر کردار ادا کرسکے۔سپارکو 2005 سے ورلڈ اسپیس ویک ایسوسی ایشن کے نیشنل کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے پاکستان میں ورلڈ اسپیس ویک کی سرگرمیوں کا انعقاد کر رہا ہے۔



