واٹس ایپ میں بڑا اضافہ، اب بولنے والے اسٹیکرز بھیجنے کی تیاری

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) واٹس ایپ کا نیا دلچسپ فیچر متعارف کرانے کی تیاری، اب آواز والے اسٹیکرز بھی بھیجنا ممکن ہوگا
واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کررہا ہے، جس کے ذریعے تصاویر اور ویڈیوز کے ساتھ اب آواز والے اسٹیکرز بھی تیار کرکے شیئر کیے جاسکیں گے۔ اس سہولت سے صارفین اپنی آواز یا پسندیدہ آڈیو کو اسٹیکر کا حصہ بنا سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے۔ اس کے ذریعے صارفین اپنے موبائل فون میں محفوظ آڈیو فائل استعمال کرسکیں گے یا اپنی آواز ریکارڈ کرکے اسٹیکر میں شامل کرسکیں گے۔
نئے فیچر کے تحت ایک ساؤنڈ اسٹیکر میں زیادہ سے زیادہ 10 سیکنڈ کی آڈیو شامل کی جاسکے گی۔ چیٹ میں یہ اسٹیکر بھیجنے کے بعد اس کے ساتھ والیوم آئیکون دکھائی دے گا، جس پر کلک کرکے وصول کنندہ اس کی آواز سن سکے گا۔
اس کے علاوہ واٹس ایپ ویڈیو سے اینیمیٹڈ اسٹیکر تیار کرتے وقت ویڈیو کے پانچ سیکنڈ کے آڈیو حصے کو خودکار طور پر شامل کرنے کی سہولت بھی دے سکتا ہے۔ صارفین چاہیں تو ویڈیو کی اصل آواز کی جگہ اپنی ریکارڈ کردہ آواز یا فون میں محفوظ کوئی دوسری آڈیو فائل استعمال کرسکیں گے۔
اس فیچر سے واٹس ایپ پر گفتگو کو مزید دلچسپ اور منفرد بنانے میں مدد مل سکتی ہے، تاہم فیچر کی حتمی دستیابی اور عام صارفین کے لیے اجرا کی تاریخ کے بارے میں فراہم کردہ رپورٹ میں تفصیلات موجود نہیں ہیں۔



