سلیکون ویلی اوپن میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز، نور زمان اور اشعب عرفان کی کامیابی

ریڈ ووڈ سٹی (جانو ڈاٹ پی کے) سلیکون ویلی اوپن اسکواش ٹورنامنٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی فاتحانہ انٹری، نور زمان اور اشعب عرفان اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئے

امریکا میں جاری پی ایس اے گولڈ سلیکون ویلی اوپن اسکواش ٹورنامنٹ میں پاکستان کے نور زمان اور اشعب عرفان نے اپنے ابتدائی مقابلوں میں کامیابی حاصل کرکے اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

نور زمان نے امریکا کے برانسٹن منگ کو ایک کے مقابلے میں تین گیمز سے شکست دی۔ پاکستانی کھلاڑی کو پہلے گیم میں 3-11 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اگلے تینوں گیمز 11-5، 11-8 اور 11-9 سے جیت لیے۔ نور زمان نے یہ مقابلہ 41 منٹ میں اپنے نام کیا۔

دوسری جانب اشعب عرفان نے ہنگری کے بالاز فارکاس کے خلاف تین صفر سے کامیابی حاصل کی۔ اشعب عرفان نے پہلا گیم 11-6، دوسرا 11-4 اور تیسرا 11-5 سے جیت کر حریف کو مقابلے سے باہر کردیا۔ انہوں نے یہ میچ صرف 25 منٹ میں اپنے نام کیا۔

نور زمان اور اشعب عرفان کی کامیابیوں کے بعد دونوں پاکستانی کھلاڑی ٹورنامنٹ کے اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔

پی ایس اے گولڈ سلیکون ویلی اوپن اسکواش ٹورنامنٹ امریکی شہر ریڈ ووڈ سٹی میں جاری ہے۔ ایونٹ کے مینز مقابلوں کی مجموعی انعامی رقم ایک لاکھ 43 ہزار 500 امریکی ڈالر ہے۔

مزید خبریں

Back to top button