بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق عوام کاہے،شہباز شریف نےگرینڈ ڈائیلاگ کی تجویز پیش کردی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں دہشت گردی، صوبے کے وسائل اور جاری مسائل کے حل کے لیے گرینڈ ڈائیلاگ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق صوبے کے عوام کا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گرد بے گناہ پاکستانیوں کو شہید کررہے ہیں، جبکہ مزدوروں کو شناخت کرکے قتل کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسائل کی آڑ میں بندوق اٹھا لینا حب الوطنی نہیں ہوسکتی۔

شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل طاقت یا تشدد میں نہیں بلکہ بات چیت، سیاسی مفاہمت اور قومی سطح کے گرینڈ ڈائیلاگ میں ہے۔ تمام متعلقہ فریقین کو مل بیٹھ کر صوبے کے مسائل کا حل تلاش کرنا ہوگا۔

وزیراعظم کے مطابق بلوچستان کے وسائل پر سب سے پہلا حق وہاں کے عوام کا ہے اور صوبے کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ عوام کو ان کے وسائل کا حقیقی فائدہ پہنچایا جائے۔

شہباز شریف نے اسمگلنگ کے خلاف حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام سے قومی خزانے میں 125 ارب روپے آئے ہیں۔ ان کے مطابق غیر قانونی تجارت کے خاتمے سے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد مل رہی ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ صوبے کی محرومیوں، معاشی مسائل اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے بھی سنجیدہ اقدامات ضروری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button