چھاچھرو: پاپو ویرو کے قریب بارش سے سڑک تباہ، آٹھ سے زائد دیہات کا رابطہ متاثر

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) چھاچھرو کے قریب اکوڑو اسٹاپ سے نکلنے والی سڑک گاؤں پاپو ویرو کے مقام پر شدید بارش کے باعث ٹوٹ کر تباہ ہوگئی، جس کے نتیجے میں متعدد دیہات کو آمدورفت شدید متاثر ہوئی ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق روڈز محکمہ اور انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق گاؤں پاپو ویرو کے قریب آٹھ سے زائد دیہات کو ملانے والی سڑک پر بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے مناسب پل نہ ہونے کے باعث شدید بارش کے دوران پانی سڑک سے گزرنے لگا، جس سے سڑک کا بڑا حصہ ٹوٹ کر تباہ ہوگیا۔ متاثرہ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی صورتحال انتہائی خطرناک ہوگئی ہے اور کسی بھی وقت بڑا حادثہ پیش آنے کا خدشہ ہے۔سڑک تباہ ہونے کے باعث پاپو ویرو، سکھي جو تڑ، پیر جو تڑ، ڈاکی ڈہار، ستلا بھیل، لیرڑیا بھیل، اکلیں سمیت متعدد دیہات کی جانب گاڑیوں کی آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دیہاتیوں کے مطابق بیماری یا کسی ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو اسپتال پہنچانا، جبکہ روزمرہ کی اشیائے خورونوش اور ضروری سامان دیہات تک لانا بھی انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔ خراب سڑک کے باعث ٹرانسپورٹرز بھی زیادہ کرایہ وصول کرنے پر مجبور ہیں۔ متاثرہ دیہاتیوں نے منتخب نمائندوں، محکمہ روڈز اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر تباہ شدہ سڑک کی مرمت کرائی جائے اور بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے مناسب پل تعمیر کیا جائے، تاکہ علاقہ مکینوں کی سفری مشکلات ختم ہونے کے ساتھ کسی بڑے حادثے سے بھی بچا جا سکے۔



