خیبرپختونخوااوربلوچستان میں بڑاآپریشن،49دہشت گردہلاک،اسلحہ وبارودی موادبرآمد

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران 49 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ، دھماکا خیز مواد اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کرکے تباہ کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر میں چند روز کے دوران متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 12 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
سکیورٹی فورسز نے کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد، آئی ای ڈی ڈیٹونیٹنگ ریموٹ، اسلحہ، گولہ بارود اور موٹر سائیکلیں برآمد کرکے ناکارہ بنا دیں۔
دوسری جانب بلوچستان میں بھی دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مستونگ، ماشکیل، خضدار اور پنجگور کے اضلاع میں 10 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے 37 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
بلوچستان میں کارروائیوں کے دوران بھی بڑی مقدار میں اسلحہ، دھماکا خیز مواد اور ریموٹ ڈیٹونیشن آلات قبضے میں لے کر تباہ کردیئے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک میں غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔



