لاڑکانہ میں140دکانوں کی سیلنگ پرہنگامہ،دکاندارسڑکوں پرنکل آئے

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو، نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) پیپلز بس سروس کے نئے بس ٹرمینل کی تعمیر کے لیے جنرل بس ٹرمینل سے 140 دکانیں خالی کرانے کے معاملے پر انتظامیہ اور دکاندار آمنے سامنے آگئے، صورتحال کشیدہ ہونے پر پولیس کی مزید نفری طلب کرلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن کا عملہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ہمراہ جنرل بس ٹرمینل پہنچا اور دکانیں سیل کرنے کی کارروائی شروع کی تو دکانداروں نے شدید احتجاج کیا۔
مظاہرین نے احتجاجاً ٹائر نذر آتش کیے اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہوگئی جب مظاہرین کی جانب سے سیل کی گئی دکانوں کے تالے توڑنے کی کوشش کی گئی، جس پر پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی۔
ٹرانسپورٹ یونین کے صدر جاوید مٹھانی نے مؤقف اختیار کیا کہ دکاندار 2010 سے میونسپل کارپوریشن کو باقاعدگی سے کرایہ ادا کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دکانیں سیل ہونے سے سینکڑوں افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب میئر لاڑکانہ انوَر لوہر کا کہنا ہے کہ بس ٹرمینل کی تعمیر کے لیے صرف 140 دکانیں خالی کرائی جارہی ہیں۔ ان کے مطابق نئے بس ٹرمینل کی تعمیر سے شہر میں روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
دکانیں خالی کرانے کے معاملے پر دونوں فریقین کے مؤقف کے باعث صورتحال تاحال کشیدہ ہے، جبکہ علاقے میں پولیس اور انتظامیہ کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔



