رینالہ خورد بائی پاس پر خوفناک حادثہ، آئل ٹینکر موٹر سائیکل پر الٹ گیا،2افراد جاں بحق

اوکاڑہ (رپورٹ: وحید آرائیں، جانو ڈاٹ پی کے) رینالہ خورد بائی پاس پر روبینہ فلنگ اسٹیشن کے قریب خوفناک ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار دو افراد جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق رینالہ خورد بائی پاس کے قریب ایک آئل ٹینکر موٹر سائیکل سے ٹکرا کر بے قابو ہوگیا اور سڑک پر الٹ گیا۔ حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار دو افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ بعد ازاں زخمیوں کو مزید علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
آئل ٹینکر سے پیٹرول لیک ہونے کے باعث کسی بڑے حادثے کے خدشے کے پیش نظر ریسکیو ٹیموں نے علاقے کو کارڈن آف کردیا تاکہ پٹرول کو محفوظ کیا جاسکے اور شہریوں کو جائے حادثہ سے دور رکھا جائے۔
جاں بحق افراد کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد مقامی پولیس کی موجودگی میں ہسپتال منتقل کردی گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق تاحال جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کی شناخت نہیں ہوسکی، جبکہ حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



