ایک جماعت کا مزاج دنگا فساد، دوسری کا سسٹم کے نام پر کرپشن ہے، مریم نواز
پنجاب میں دل کے مریضوں کیلئے بڑی خوشخبری،ہارٹ ٹرانسپلانٹ مفت کرنے کا اعلان

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پنجاب میں دل کے مریضوں کے لیے ایک بڑی پیش رفت سامنے آگئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے عوام کو ہارٹ ٹرانسپلانٹ کی سہولت مفت فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ نے ہارٹ ٹرانسپلانٹ کے اخراجات کے لیے خصوصی فنڈ قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب ہر ہارٹ ٹرانسپلانٹ کے لیے 50 ہزار ڈالر تک خود ادا کرے گی۔ اس اقدام سے مہنگے علاج کی استطاعت نہ رکھنے والے مریضوں کو بڑی سہولت ملنے کی توقع ہے۔
مریم نواز شریف نے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں قائم مریم نواز شریف ہارٹ ٹرانسپلانٹ سنٹر کا بھی افتتاح کیا، جہاں دل کے مریضوں کے علاج کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ جدید ترین مشینری سے پہلی انجیوگرافی بھی کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق تقریباً 16 ارب روپے کی لاگت سے 250 بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے، جہاں عالمی ماہرین امراض قلب کی نگرانی میں دل کے علاج کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں کیتھ لیب، ٹیسلا ایم آر آئی، ماڈیولر آپریشن تھیٹرز، کارڈیک وارڈز، پیتھالوجی لیب، ریڈیالوجی، آئی سی یو اور ایمرجنسی وارڈ سمیت متعدد شعبے فعال کردیئے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہارٹ ٹرانسپلانٹ سنٹر، انجیو سوئٹ، ڈائیگناسٹک روم اور او پی ڈی سمیت مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور جدید طبی آلات کا جائزہ لیا۔ ماڈیولر آپریشن تھیٹر میں جدید ترین ہارٹ لنگز مشین اور اعلیٰ ترین ٹیسلا ایم آر آئی سمیت دیگر مشینری دیکھ کر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔
مریم نواز شریف نے ڈاکٹرز اور نرسز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کی خدمت محض ڈیوٹی نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی امانت سمجھ کر انجام دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اچھا کام نہیں ہوسکتا اور باہر جاکر ہی کامیابی ملتی ہے، اس تصور کو تبدیل کرنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے عالمی شہرت یافتہ برطانوی کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر حسنات خان کو پاکستان آکر مریضوں کی خدمت کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر حسنات خان نے کہا کہ انہیں خدمت کا موقع ملنے پر شکرگزار ہیں اور وہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ڈاکٹرز اور عملے کی تربیت میں بھی کردار ادا کریں گے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی محنت رائیگاں نہیں جاتی اور آزاد کشمیر میں کامیابی بھی کارکردگی کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے بیشتر ہیلتھ پروگرام صرف صوبے تک محدود نہیں بلکہ پورے ملک کے عوام کے لیے ہیں۔
مریم نواز شریف نے ہسپتال کی تعمیر اور طبی سہولیات کی تکمیل میں کردار ادا کرنے والی ٹیم، جن میں ڈاکٹر اظہر کیانی، ڈاکٹر فرقد عالمگیر، ڈاکٹر عدنان خان، سی ای او آئی ڈی اے پی شاہ میر اقبال اور متعلقہ سیکریٹریز سمیت دیگر افسران و ماہرین شامل ہیں، کی خدمات کو سراہا۔



