عمران خان کی صحت پر ڈرامہ رچایا گیا،27ستمبر کااحتجاج برقرار،اپوزیشن اتحادکابڑا اعلان

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور اسپتال منتقلی کے معاملے پر اپوزیشن اتحاد نے حکومت کے خلاف سخت احتجاجی لائحہ عمل برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔

محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹر راجہ ناصر، بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور سلمان اکرم راجا سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ شرکا نے عمران خان کی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ ان کے علاج کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اپوزیشن اتحاد نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے عمران خان کی صحت پر ڈرامہ رچایا جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد نہ ہونا توہینِ عدالت کے مترادف ہے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 27 ستمبر کو بھرپور احتجاج کا اعلان برقرار رہے گا۔ احتجاج اور ممکنہ لانگ مارچ میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو شرکت کی دعوت دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اپوزیشن اتحاد نے ملک بھر، بالخصوص پنجاب میں عوامی رابطہ مہم مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اپوزیشن کے تمام سیاسی اور پارلیمانی فیصلے باہمی مشاورت سے کیے جائیں گے۔ شرکا نے گرینڈ اپوزیشن الائنس کی حمایت کرتے ہوئے اسے مزید فعال اور مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

مزید خبریں

Back to top button