پولیس کارروائی کے دوران بچی کی ہلاکت کا الزام، سجاول میں ورثاء کا دھرنا،مرکزی شاہراہ بند

سجاول (جانو ڈاٹ پی کے) میرپور بٹھورو کے قریب گاؤں عبدالکریم شورو میں پولیس کی مبینہ کارروائی کے دوران بھگدڑ مچنے سے معصوم بچی ساریا بنت اللہ بچایو کے کچلے جانے سے جاں بحق ہونے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد ورثاء اور علاقہ مکینوں نے سجاول حیدرآباد روڈ پر احتجاجی دھرنا دے دیا۔

ورثاء کے مطابق سجاول اور کراچی پولیس نے گاؤں عبدالکریم شورو میں سولنگی برادری کے گھروں پر مبینہ چڑھائی کی، جس کے دوران خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی۔ الزام ہے کہ اسی دوران معصوم بچی ساریا کچلے جانے سے جاں بحق ہوگئی۔

ورثاء کا کہنا ہے کہ پولیس نے کارروائی کے دوران جمن سولنگی کو گرفتار کرلیا، جس کے بعد بچی کی ہلاکت پر اہلخانہ اور علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے۔

مظاہرین نے سجاول حیدرآباد روڈ پر دھرنا دے کر پولیس کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور جمن سولنگی کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

احتجاجی دھرنے کے باعث سجاول سے میرپور بٹھورو اور حیدرآباد جانے والی مین شاہراہ بند ہوگئی، جبکہ سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ورثاء نے واضح کیا ہے کہ ان کے مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج اور دھرنا جاری رہے گا۔

واقعے کے حوالے سے پولیس کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔ بچی کی ہلاکت کے اصل حالات اور پولیس کارروائی سے متعلق حقائق تحقیقات کے بعد ہی واضح ہوسکیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button