ماری انرجیز کو سندھ میں 40 سال کی بڑی توسیع، گھوٹکی میں تیل و گیس کی تلاش جاری رکھنے کی اجازت

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) حکومت نے ماری انرجیز کی سندھ میں تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کے لیے لیز کی تجدید کردی، جس کے تحت کمپنی کو ضلع گھوٹکی میں مزید 40 سال کے لیے ڈویلپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز الاٹ کردی گئی ہے۔
لیز کی تجدید کے بعد ماری انرجیز اب گھوٹکی میں نومبر 2065 تک تیل و گیس کی تلاش، ترقی اور پیداوار کا عمل جاری رکھ سکے گی۔حکام کے مطابق لیز کی تجدید معاہدے میں طے کردہ تمام شرائط اور ذمہ داریوں پر عملدرآمد سے مشروط ہے۔
ماری انرجیز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لیز کی تجدید سے علاقے میں توانائی اور فوڈ سکیورٹی کے حوالے سے کمپنی کا کردار مزید مضبوط ہوگا۔کمپنی نے اس اہم پیش رفت سے اپنے شیئر ہولڈرز اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھی خط کے ذریعے آگاہ کردیا ہے۔



