سندھ حکومت میں تبدیلی کی خبریں بے بنیاد، صوبے کو اس کے حق کا حصہ ملنا چاہیے، شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے سندھ حکومت میں تبدیلی سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی باتیں صرف سوشل میڈیا تک محدود ہیں اور حقیقت سے کوئی تعلق نہیں رکھتیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جبکہ اپوزیشن نے بجٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بجائے ہنگامہ آرائی کو ترجیح دی۔

انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں کسی قسم کی کٹوتی نہیں کی گئی اور صوبوں نے اپنی ترجیحات کے مطابق وسائل مختص کیے ہیں۔

سینئر وزیر سندھ نے کراچی سے سکھر تک موٹروے نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ملک کو سب سے زیادہ ٹیکس فراہم کرتا ہے لیکن اس کے باوجود صوبے کو ترقیاتی منصوبوں میں نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حیدرآباد سے سکھر تک سڑکوں کی حالت انتہائی خراب ہے، جبکہ وفاقی حکومت کی تعمیر کردہ بعض شاہراہوں پر سفر کرنا بھی مشکل ہو چکا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ حکومت کی جانب سے تعمیر کی گئی سڑکیں بہتر معیار کی حامل ہیں اور عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔

شرجیل میمن نے اس بات پر زور دیا کہ سندھ کے بنیادی ڈھانچے اور مواصلاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے تاکہ صوبے کے عوام کو بہتر سفری اور اقتصادی سہولیات میسر آ سکیں۔

مزید خبریں

Back to top button