خواتین کو بااختیار بنانا اور عوامی ریلیف حکومت کی اولین ترجیحات ہیں،وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) کی خواتین ارکانِ پارلیمنٹ نے ملاقات کی، جس میں بجٹ، خواتین کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور ملکی و علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے خواتین اراکینِ پارلیمنٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے بجٹ اجلاس میں ان کی بھرپور شرکت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت نے موجودہ معاشی حالات کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے بجٹ میں خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے، قومی دھارے میں ان کی شمولیت بڑھانے اور تعلیم و ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے متعدد اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستانی خواتین کو ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے خطے میں حالیہ کشیدگی کے خاتمے اور امن کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے خلوصِ نیت کے ساتھ امن کے قیام کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت حکومتی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پائیدار علاقائی امن ہی پاکستان اور دیگر ممالک کی معاشی ترقی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بحران کے دوران حکومت نے عوام کو مہنگائی اور ممکنہ مشکلات سے بچانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے اور 128 ارب روپے کی سبسڈی سمیت کفایت شعاری مہم پر عملدرآمد کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوام پر بوجھ ڈالنے کے بجائے سب سے پہلے کابینہ اور سرکاری اداروں میں اخراجات کم کیے گئے کیونکہ یہ قابل قبول نہیں کہ عوام قربانیاں دیں اور اشرافیہ مراعات حاصل کرتی رہے۔
انہوں نے بتایا کہ آئندہ مالی سال میں حکومت کی توجہ آبی ذخائر، آئی ٹی، زراعت اور معدنیات کے شعبوں پر مرکوز رہے گی تاکہ معیشت کو مضبوط بنیادیں فراہم کی جا سکیں اور برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی کو فروغ ملے۔
ملاقات میں خواتین اراکینِ پارلیمنٹ نے وزیراعظم اور معاشی ٹیم کو خواتین کی فلاح، تعلیم، صحت، روزگار، صنعت، مواصلات اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں اقدامات شامل کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا اور اپنے حلقوں سے متعلق مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔
اجلاس میں خواجہ آصف ، شیزا فاطمہ خواجہ اور دیگر وفاقی وزراء و حکومتی شخصیات بھی شریک تھیں۔



