سعودی عرب اور فرانس میں بڑے معاہدے، اربوں یورو کی سرمایہ کاری کا اعلان

پیرس(ویب ڈیسک) سعودی عرب اور فرانس کے درمیان سرمایہ کاری، دفاع، مصنوعی ذہانت، سیاحت، انفراسٹرکچر اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے۔

یہ پیش رفت سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ فرانس کے دوران سامنے آئی۔ دونوں ممالک نے دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، جس کے تحت دفاعی صنعت، جدید ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی، مصنوعی ذہانت، فوجی تربیت اور تجربات کے تبادلے کو فروغ دیا جائے گا۔

سعودی عرب اور فرانس نے مصنوعی ذہانت، کوانٹم ٹیکنالوجی اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز میں تعاون کے لیے نیا فریم ورک قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

دونوں ممالک نے تاریخی شہر العُلا کی ترقی میں تعاون کو 2035ء تک توسیع دینے پر اتفاق کیا، جس میں آثارِ قدیمہ، ثقافت، سیاحت، تربیت، جدت، پائیدار ترقی اور قدرتی ورثے کے تحفظ کے منصوبے شامل ہوں گے۔

فرانس کے علاقے سرجی پونتواز میں قِدیہ سے متعلق ایک بڑے منصوبے کے لیے تقریباً 6 ارب یورو کی متوقع سرمایہ کاری اور 22 ہزار ملازمتوں کے مواقع بھی تعاون کا حصہ ہیں۔

دوسری جانب سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو نے فرانسیسی کمپنیوں کے ساتھ 3.7 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے معاہدے کیے ہیں، جن میں ڈرلنگ آلات اور صنعتی مصنوعی ذہانت سے متعلق تعاون شامل ہے۔

ماہرین کے مطابق معاہدوں کا یہ سلسلہ سعودی عرب اور فرانس کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو نئی وسعت دینے کے ساتھ دفاع، معیشت، ٹیکنالوجی اور سیاحت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہم پیش رفت ہے۔

مزید خبریں

Back to top button