سپریم کورٹ کا فیصلہ واضح تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو شفا اسپتال منتقل کرنا ہے، سلمان اکرم راجا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجا کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ واضح تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو شفا اسپتال منتقل کرنا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ کل درخواست فائل کرتے تو کل ہی لگ جاتی، سپریم کورٹ میں کبھی دو تین دن سے پہلے مقدمہ مقرر نہیں ہوتا۔
خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر دی۔
سپریم کورٹ میں درخواست عزیر بھنڈاری اور سلمان اکرم راجہ کی جانب سے دائر کی گئی۔
درخواست میں پی ٹی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026ء کے حکم کی مبینہ خلاف ورزی پر توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست گزاروں نے توہینِ عدالت کے مرتکبین کو شوکاز نوٹس جاری کرنے اور ذاتی حاضری کا حکم دینے اور جواب دہندگان کو توہینِ عدالت کا مرتکب قرار دے کر قانون کے مطابق سزا دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی نے درخواست میں بانئ پی ٹی آئی کو فوری طور پر شفاء انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد منتقل کر کے طبی معائنہ کرانے اور حکم پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے عدالتی افسر کی تعیناتی یا لوکل کمیشن مقرر کرنے کی استدعا کی ہے۔
خالد یوسف چوہدری اور سابق وزیرِ اعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی درخواست دائر کرنے سپریم کورٹ پہنچے۔



