انگلینڈ کے شائقین حیران، روٹ نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

لندن (جانو ڈاٹ پی کے) انگلینڈ کے کرکٹ شائقین اس وقت حیران رہ گئے جب روٹ نے اعلان کیا کہ وہ 2026 کے سیزن کے اختتام پر پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے، تاہم یہ انگلینڈ کے اسٹار بیٹر جو روٹ نہیں بلکہ ان کے چھوٹے بھائی بلی روٹ ہیں۔

34 سالہ بلی روٹ نے کاؤنٹی کرکٹ میں 14 سالہ کیریئر گزارنے کے بعد 2026 کے سیزن کے اختتام پر پروفیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا ہے۔

بلی روٹ، جو انگلینڈ کے معروف بیٹر جو روٹ سے تقریباً 16 ماہ چھوٹے ہیں، نے اپنے کاؤنٹی کیریئر کے دوران ناٹنگھم شائر اور گلیمورگن کی نمائندگی کی۔

بلی روٹ نے 83 فرسٹ کلاس میچز میں 4 ہزار 107 رنز اسکور کیے، جن میں 7 سنچریاں شامل ہیں جبکہ ان کا بہترین انفرادی اسکور 229 رنز رہا۔

انہوں نے گلیمورگن کی 2024 ون ڈے کپ کامیابی سمیت مجموعی طور پر چار ٹرافی فتوحات میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

رواں سیزن میں محدود مواقع ملنے کے باعث بلی روٹ صرف دو کاؤنٹی چیمپئن شپ میچز میں میدان میں اترے، جس کے بعد انہوں نے اپنے پروفیشنل کیریئر کے اختتام کا فیصلہ کیا۔

دوسری جانب جو روٹ بدستور انگلینڈ کی نمائندگی کررہے ہیں اور حالیہ عرصے میں ٹیسٹ کرکٹ میں کئی اہم سنگ میل عبور کرچکے ہیں۔

جو روٹ نے حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ میں سچن ٹنڈولکر کی 68 نصف سنچریوں کا ریکارڈ توڑتے ہوئے اپنی 69ویں نصف سنچری مکمل کی۔

اس کے علاوہ جو روٹ نے 521 اننگز میں 23 ہزار انٹرنیشنل رنز مکمل کیے اور یہ سنگ میل سچن ٹنڈولکر سے ایک اننگز کم میں عبور کرنے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔

مزید خبریں

Back to top button