مٹھی بدین روڈ پر قیامت خیز حادثہ،5افراد جاں بحق،13زخمی

تھرپارکر (جانو ڈاٹ پی کے) مٹھی-بدین روڈ پر پیلوڑو پولیس چیک پوسٹ کے قریب ڈمپر ٹریلر اور کوسٹر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 13 افراد زخمی ہوگئے، جن میں 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے اور انہیں مزید علاج کے لیے حیدرآباد ریفر کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق کوسٹر میں سوار افراد فقیر پاربرہم گاؤں ویڑیجھپ درگاہ پر حاضری کے بعد اپنے گاؤں واپس جا رہے تھے کہ پیلوڑو اسٹاپ کے قریب مٹھی سے بدین جانے والے ڈمپر ٹریلر سے کوسٹر ٹکرا گئی۔حادثہ اس قدر شدید تھا کہ 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 13 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق بھیل برادری سے بتایا گیا ہے۔جاں بحق افراد میں 17 سالہ سجن ولد کرمن، 11 سالہ لیکھراج ولد جیوراج، دودو ولد آچار، 55 سالہ سومار ولد خمیسو اور بھیمراج ولد مہندرو شامل ہیں۔زخمیوں میں چیتن ولد راموں، مکیش ولد مہندرو، اشوک ولد کرشن، لالہ ولد جاموں، مہیش ولد جانو، رحیمیہ زوجہ جاموں، پرکاش ولد پریمو، چندرام ولد سومار، ہری رام ولد لیکھیراج، پرکاش ولد پریم چند، لجپت ولد مہندرو، پونم دختر سجن اور روپچند ولد جمعون شامل ہیں۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال مٹھی منتقل کیا گیا، جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں بھی ضروری قانونی کارروائی کے لیے اسپتال پہنچائی گئیں۔اسپتال ذرائع کے مطابق 7 سالہ پونم، 24 سالہ اشوک اور 33 سالہ ہری لال کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں مزید علاج کے لیے سول اسپتال مٹھی سے حیدرآباد ریفر کردیا گیا۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیراڻي سول اسپتال مٹھی پہنچے، جہاں انہوں نے حادثے میں زخمی افراد کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ڈپٹی کمشنر نے اسپتال انتظامیہ اور طبی عملے کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات اور فوری علاج فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈپلو بھگوان داس، سول سرجن مٹھی ڈاکٹر شاہد جنجھی سمیت ڈاکٹرز اور طبی عملے کی ٹیم بھی موجود تھی۔



