F-35کے حساس پرزے چین کے قبضے میں جانے کاانکشاف

واشنگٹن (جانو ڈاٹ پی کے) امریکی F-35 اسٹیلتھ لڑاکا طیارے کے ممکنہ طور پر حساس پرزے چین کے قبضے میں جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد امریکی حکام کی جانب سے معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی فوج کے F-35 طیارے کے کاک پٹ کینوپی اور ویپنز بے ڈور کو مئی کے اواخر میں کوریئر کمپنی ’’یو پی ایس‘‘ کے ذریعے آسٹریلیا سے امریکا بھیجا جا رہا تھا۔ یہ پرزے معائنے، ممکنہ مرمت یا تلف کرنے کے لیے امریکا منتقل کیے جارہے تھے۔ذرائع کے مطابق دونوں پرزے امریکی دفاعی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن کی جانب سے فراہم کیے گئے تھے اور ان پر ریڈار لہروں کو جذب کرنے والا خصوصی مواد موجود تھا، جو F-35 طیاروں کی اسٹیلتھ صلاحیت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔امریکی میڈیا نے معاملے سے واقف ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ امریکا جانے والی پرواز نے جنوبی کوریا میں قیام کیا، جس کے بعد اسے ہانگ کانگ کی جانب موڑ دیا گیا۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ پرواز جنوبی کوریا میں کیوں رکی اور اسے ہانگ کانگ کی طرف کیوں بھیجا گیا۔ذرائع کے مطابق یہ بھی معلوم نہیں ہوسکا کہ حساس پرزے جان بوجھ کر ہانگ کانگ اتارے گئے یا یہ کسی انتظامی یا ترسیلی غلطی کا نتیجہ تھا۔رپورٹ کے مطابق چینی حکام نے بعد ازاں ان پرزوں کو اپنے قبضے میں لے لیا اور تاحال انہیں واپس نہیں کیا گیا۔ واقعے نے امریکی دفاعی حکام میں تشویش پیدا کردی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق امریکی کانگریس کی کم از کم دو کمیٹیاں اس معاملے کی تحقیقات کررہی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ F-35 کے حساس پرزے چینی حکام کے ہاتھ کیسے پہنچے اور ترسیل کے دوران سکیورٹی میں کہاں خامی ہوئی۔



