ایران تنازع کے دوران متحدہ عرب امارات پر سائبر حملوں میں تیزی

ابوظبی (جانو ڈاٹ پی کے) ایران تنازع کے دوران متحدہ عرب امارات پر سائبر حملوں میں تیزی آگئی، ایک ہی دن میں 6 لاکھ 40 ہزار سائبر حملے ریکارڈ کیے گئے۔
اماراتی حکام کے مطابق سائبر حملہ آوروں نے پیٹرولیم، گیس، بجلی، پانی اور بینکنگ سمیت اہم اور حساس شعبوں کو نشانہ بنایا، جس کے بعد اماراتی سائبر سکیورٹی کونسل نے کمپنیوں اور اداروں کو مسلسل الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال اپریل میں بھی متحدہ عرب امارات پر سائبر حملوں کی تعداد 8 لاکھ تک پہنچ گئی تھی، جس سے سائبر خطرات کی شدت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
اماراتی حکام کے مطابق سائبر حملے جنگ کے نئے ہتھیار بن چکے ہیں اور دشمن عناصر اہم تنصیبات اور اداروں کو ڈیجیٹل ذرائع سے نقصان پہنچانے کی کوشش کرسکتے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ 85 فیصد سے زائد سائبر حملے صارفین کی جانب سے غلط لنک یا آپشن پر کلک کیے جانے سے شروع ہوتے ہیں، اس لیے ملازمین اور صارفین میں سائبر سکیورٹی سے متعلق آگاہی انتہائی ضروری ہے۔
اماراتی حکام نے خبردار کیا کہ سائبر حملہ آور کئی ماہ تک خاموش رہنے کے بعد اچانک کارروائی کرسکتے ہیں، لہٰذا سرکاری و نجی اداروں کو کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مسلسل چوکس رہنا ہوگا۔



