اسلام آباد میں موسم نے کروٹ لے لی، بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور گردونواح میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہنے اور چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔موسمی صورتحال کے پیش نظر بعض علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم بدستور گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا، تاہم بالائی خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں چند مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا کے علاقے دیر بالا میں 23 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت شہید بینظیر آباد اور دالبندین میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔



