ناقص کام ہوا تو ٹھیکیدار اور انجنیئر نہیں بچیں گے، معاون خصوصی کا دوٹوک اعلان

ٹھٹھہ (جانو ڈاٹ پی کے) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ و رورل ڈولپمنٹ محمد سلیم بلوچ کی زیر صدارت مکلی میں اہم اجلاس ہوا، جس میں ضلع ٹھٹھہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات سے متعلق اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ سہیل قریشی، ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران واٹر سپلائی، ڈرینیج، آر او اور الٹرا فلٹریشن پلانٹس سمیت مختلف جاری ترقیاتی اسکیموں پر بریفنگ دی گئی۔
محمد سلیم بلوچ کو ضلع میں جاری اور مکمل ہونے والی ترقیاتی اسکیموں کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا، جس پر انہوں نے تمام جاری منصوبے اکتوبر 2026 تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔معاون خصوصی نے ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کام میں غیر معیاری میٹریل یا ناقص تعمیر کی صورت میں ذمہ دار ٹھیکیداروں اور انجنیئرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے ضلع میں غیر فعال آر او پلانٹس کو ترجیحی بنیادوں پر فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ٹھٹھہ، مکلی اور ڈسٹرکٹ جیل کی واٹر سپلائی اسکیمیں بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کا حکم دیا۔اجلاس کے بعد محمد سلیم بلوچ نے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی اسکیموں کا دورہ بھی کیا اور منصوبوں پر جاری کام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو تعمیراتی کام میں معیاری میٹریل کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔محمد سلیم بلوچ کا کہنا تھا کہ ضلع ٹھٹھہ کی تقریباً 70 فیصد ترقیاتی اسکیمیں مکمل ہوچکی ہیں جبکہ باقی منصوبوں کو بھی مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔



