پاکستان کا بڑا اعزاز، محمد علی رانا نے یورپین ڈس ایبل سنوکر چیمپئن شپ جیت لی

صوفیہ (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان کے محمد علی رانا نے یورپین ڈس ایبل سنوکر چیمپئن شپ 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔صوفیہ، بلغاریہ میں کھیلی گئی چیمپئن شپ کے فائنل میں محمد علی رانا نے انگلینڈ کے گیری کو 2-1 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔یورپین ڈس ایبل سنوکر چیمپئن شپ میں 16 ممالک کے 45 کھلاڑیوں نے شرکت کی، جہاں پاکستانی کھلاڑی نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔وزیراعظم یوتھ پروگرام سنوکر پاکستان کے فوکل پرسن محمد عمران نوشاہی نے محمد علی رانا کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔محمد عمران نوشاہی نے محمد علی رانا کی کامیابی کو پاکستان کے لیے تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے بھی محمد علی رانا کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ محمد علی رانا کی کامیابی ملک کے لیے باعثِ فخر ہے اور انہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔



