ایشین گیمز ہاکی،پاکستان نے چین کو3-0سے شکست دے دی

ناگویا (جانو ڈاٹ پی کے) ایشین گیمز ہاکی کے مقابلے میں پاکستان نے چین کو 3-0 سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔

پاکستان کی جانب سے کپتان ابوبکر سفیان خان اور حنان شاہد نے گول اسکور کیے، قومی ٹیم نے تینوں گول دوسرے کوارٹر میں کیے اور چین کے خلاف مکمل برتری برقرار رکھی۔

اس کامیابی کے بعد پاکستان گروپ میں 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے، جبکہ ملائیشیا بھی 9 پوائنٹس کے ساتھ بہتر گول اوسط کی بنیاد پر گروپ میں سرفہرست ہے۔

پاکستان نے ایشین گیمز میں اس سے قبل دو میچز کھیلے تھے۔ قومی ٹیم نے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کو 9-0 سے شکست دی، جبکہ دوسرے میچ میں ازبکستان کے خلاف 5-1 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

چین کے خلاف اہم میچ میں پاکستان کو فارورڈ رانا وحید اشرف کی خدمات حاصل نہیں تھیں۔ ٹورنامنٹ منتظمین اور ایشین ہاکی فیڈریشن نے انہیں ایک میچ کی معطلی کے باعث اس مقابلے سے باہر رکھا تھا۔

ذرائع کے مطابق رانا وحید اشرف کو ازبکستان کے خلاف میچ میں ہاکی اسٹک سے مخالف کھلاڑی کے سر پر چوٹ لگنے کے واقعے کے بعد ایک میچ کی معطلی کی سزا دی گئی تھی۔

رانا وحید اشرف قومی ٹیم کی فارورڈ لائن کے اہم کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں، تاہم ان کی عدم موجودگی کے باوجود پاکستان نے چین کے خلاف مؤثر کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی اپنے نام کرلی۔

مزید خبریں

Back to top button