ڈاکٹر نجیب نقی32ووٹ لے کر صدر آزاد کشمیر منتخب

مظفرآباد (جانو ڈاٹ پی کے) نومنتخب صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، اس سے قبل وہ آزاد کشمیر کے صدارتی انتخاب میں 32 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے تھے جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چودھری لطیف اکبر نے 13 ووٹ حاصل کیے۔صدارتی انتخاب آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سیکریٹریٹ میں ہوا، جہاں پولنگ صبح 11 بجے شروع ہوکر دوپہر ایک بجے تک جاری رہی۔ 45 ارکان نے صدر کے انتخاب میں ووٹ کاسٹ کیے.
ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار تھے، جبکہ چودھری لطیف اکبر پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے امیدوار تھے۔ ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد ڈاکٹر نجیب نقی کی کامیابی کا اعلان کیا گیا۔ڈاکٹر نجیب نقی کا تعلق پونچھ ڈویژن کے علاقے سدھنوتی سے ہے۔ وہ ماضی میں آزاد کشمیر کے وزیر صحت سمیت مختلف حکومتی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ان کے انتخاب کے ساتھ آزاد کشمیر میں نئی منتخب حکومت کے اہم آئینی عہدوں کی تشکیل کا مرحلہ بھی مکمل ہوگیا۔ اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی وزیراعظم اور چودھری طارق فاروق اسپیکر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں۔تقریب حلف برداری میں وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی، وفاقی وزرا طارق فضل چودھری، رانا ثنا اللہ اور امیر مقام سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔



