صاحبزادہ فرحان کو مستقل ٹی20 کپتان بنانے پر غور، سلمان علی آغا کی جگہ ملنے کا امکان

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی مشاورت سے صاحبزادہ فرحان کو قومی ٹی20 ٹیم کا مستقل کپتان بنانے پر غور شروع کردیا۔

ذرائع کے مطابق صاحبزادہ فرحان کو سلمان علی آغا کی جگہ قومی ٹی20 ٹیم کی قیادت سونپی جا سکتی ہے، جبکہ پی سی بی نے 2028 کے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے مختصر فارمیٹ میں طویل المدتی منصوبہ بندی کا آغاز کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے کے تحت مستقبل کی قومی ٹیم کے لیے کھلاڑیوں کا وسیع پول تیار کیا جائے گا، جس میں ایسے کرکٹرز کو شامل کیا جائے گا جو آنے والے برسوں میں قومی ٹیم کا مستقل حصہ بننے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

صاحبزادہ فرحان کو پہلے ہی جاپان میں جاری ایشین گیمز کے مینز کرکٹ مقابلوں کے لیے پاکستان کی ٹی20 ٹیم کی قیادت سونپی جا چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق انہیں 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف شیڈول تین ٹی20 میچز پر مشتمل ہوم سیریز میں بھی کپتان برقرار رکھنے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن مختصر فارمیٹ میں صاحبزادہ فرحان کو کپتان برقرار رکھنے کے حق میں ہیں، تاہم مستقل کپتانی کا حتمی فیصلہ ایشین گیمز میں ان کی بیٹنگ اور قیادت کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

پاکستان کی ایشین گیمز ٹی20 مہم کا آغاز 28 ستمبر کو کوارٹر فائنل سے ہوگا، جہاں صاحبزادہ فرحان کو نئی ذمہ داری میں اپنی قیادت اور بیٹنگ کی صلاحیتیں ثابت کرنے کا موقع ملے گا۔

مزید خبریں

Back to top button