پاکستان میں زیادہ تر تباہی موسمیاتی تبدیلی سے ہورہی ہے، مصدق ملک

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں زیادہ تر تباہی موسمیاتی تبدیلی کے باعث ہورہی ہے، بڑھتے درجہ حرارت سے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں اور سیلاب کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ پانچ سیلابوں کے دوران 6 ہزار افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جبکہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز پگھلنے کا عمل تیز ہوگیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جب پانی اپنی حدود سے تجاوز کرتا ہے تو بستیوں اور آبادیوں کو شدید نقصان پہنچتا ہے، جس کے نتیجے میں لاکھوں خاندان متاثر ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تقریباً 4 کروڑ افراد اپنے آبائی گھروں سے دربدر ہوچکے ہیں، جس سے نہ صرف ان کی زندگی متاثر ہوئی بلکہ وہ اپنے بچوں اور والدین کی کفالت جیسے بنیادی معاملات میں بھی مشکلات کا شکار ہوئے۔مصدق ملک کا کہنا تھا کہ 4 کروڑ افراد کی تعداد یورپ کے بیشتر ممالک کی مجموعی آبادی سے بھی زیادہ ہے، اس لیے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔وفاقی وزیر نے موسمیاتی تبدیلی کے باعث بڑھتے ہوئے خطرات پر توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی زیادہ تر تباہی کا تعلق موسم میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے ہے۔



